Time 16 مئی ، 2024
پاکستان

پیسکو چیف کی وزیر اعلیٰ کے پی کو صوبے میں بجلی لوڈشیڈنگ کم کرنےکی یقین دہانی

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اورپیسکو چیف کا لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اورپیسکو چیف کا لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور  اور  پیسکو چیف کے درمیان آج ملاقات ہوئی  جس میں پیسکو چیف نے صوبے میں بجلی لوڈشیڈنگ کم کرنےکی یقین دہانی کرادی۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور  اور پیسکو چیف کا صوبے میں لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کرنے  پر بھی اتفاق ہوا۔ 

نئے شیڈول کے مطابق جن علاقوں میں 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی وہاں اب 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوگی، جن علاقوں میں 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی وہاں اب 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نئے شیڈول پر عملدرآمد کے لیے پیسکو  حکام چیف سیکرٹری کے ساتھ آج ہی طریقہ کار  طےکریں، کسی گرڈ میں شیڈول سے ایک منٹ زیادہ کی بھی لوڈشیڈنگ ہوئی تو متعلقہ ایکسین کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بجلی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے  وفاقی حکومت کے ساتھ بات کرنے کے لیے تیار  ہیں،  بات تب تک نہیں ہوسکتی جب تک عوام کو  لوڈشیڈنگ سے فوری ریلیف نہ ملے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ  صوبائی حکومت اپنے بقایا جات سے کٹوتی کروا کر لوگوں کو ریلیف دینا چاہتی ہے، صوبے میں لائن لاسز کی ذمہ دار وفاقی حکومت اور  پیسکو ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ  بجلی معاملات پروفاقی وزیر توانائی کو پرسوں سی ایم ہاؤس آنے کی دعوت دی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ وزیر اعلیٰ  علی امین گنڈاپور نے اپنے ویڈیو بیان میں آج تک کی مہلت دیتے ہوئے  دھمکی دی تھی کہ لوڈشیڈنگ کم نہ ہوئی تو پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی پر قبضہ کر کے لوڈشیڈنگ شیڈول وہ خود بنائیں گے۔

مزید خبریں :