27 فروری ، 2012
عطاآباد… ضلع ہنزہ نگر میں عطاآباد جھیل کا عارضی بند دھماکے سے توڑ دیا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد اسپل وے کھلنے سے جھیل سے 50 ہزار کیوسک سے زائد پانی کے اخراج کا امکان ہے ، جس سے ہنزہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ ہنزہ نگر کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دریا کے کنارے آباد لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کے احکامات کے بعد بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کرکے بلند مقامات پر جا چکے ہیں ، جبکہ نشیبی علاقوں کو جانیوالے راستوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں، ہنزہ اور گلگت کے درمیان شاہراہ قراقرم کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کیا جا چکا ہے اور عطاء آباد جھیل میں کشی سروس بھی معطل ہے، گلگت میں بھی ممکنہ سیلاب کے پیش نظر 15 دیہات خالی کروالئے گئے ہیں، جبکہ ضلع دیامر سے گزرنے والے دریائے سندھ میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر لوگوں کو ہائی الرٹ رہنے کی تاکید کی گئی ہے اور دریائے سندھ کے کناروں پر پولیس اہلکار تعینات کردئے گئے ہیں۔