03 جون ، 2024
کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہےکہ حکومت کچھ کرنے کو تیار نہیں اور کراچی پولیس ڈاکوؤں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ 5 سال میں لوٹ مار کے 90 ہزار واقعات ہوئے، صرف 5 ماہ میں 78 سے زائد شہری ڈاکوؤں کا نشانہ بنے ہیں، لاہور میں بھی اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہوتی ہیں تو وہ بھی غلط ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آپ نوجوانوں کو نہ تعلیم دے رہے ہیں نہ روزگار، ایک موبائل اور موٹرسائیکل پر لوگوں کو قتل کردیا جاتا ہے، دنیا میں کہاں اس طرح سرعام شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے؟
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے بھتہ خوری کے کلچر کو فروغ دیا، لوگوں نے ان کو انتخابات میں مسترد کیا لیکن ان کو لاکر مسلط کیا گیا، یہ خوف وہ ہم پر مسلط کررہے جو فارم 47 کی حکومت کو مسلط کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پولیس ڈاکوؤں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، حکومت کچھ کرنے کو تیار نہیں، لوگ مایوس ہوتے جارہے ہیں اور والدین اب اپنے بچوں کو باہر بھیجنا چاہتے ہیں۔