Time 03 جون ، 2024
پاکستان

کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں 14 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ، تکنیکی خرابی کے نام پر بھی طویل بندش

کے الیکٹرک کی جانب سے  شہر میں 14 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ، تکنیکی خرابی کے نام پر بھی طویل بندش
 کراچی میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور لوڈشیڈنگ دیے گئے شیڈول کے مطابق کی جاتی ہے، ترجمان کے الیکٹرک/ فائل فوٹو

کراچی کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹوں تک پہنچ گیا۔

شہر کے مختلف علاقوں لیاری، کیماڑی، سرجانی، نیوکراچی، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاون میں 12 سے14 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ 

اس کے علاوہ گزری، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، گارڈن،  ملیر، ماڑی پور، میمن گوٹھ، نارتھ کراچی اور  نارتھ ناظم آباد میں 12گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

 کے الیکٹرک کی جانب سے  قیوم آباد، کوئینزروڈ، شادمان اور  سرجانی کے متعدد علاقوں میں بھی 10گھنٹوں سے زائد کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ 

کاروباری علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے اقبال مارکیٹ، کاظم مارکیٹ اور  جامع کلاتھ کے متعدد بازاروں میں کاروبار متاثر ہورہا ہے اور دکاندار  پریشان ہیں۔ 

شہریوں کاکہنا ہےکہ طویل لوڈشیڈنگ کے باوجود تکنیکی خرابی کے نام پر کے الیکٹرک کی جانب سے مزید بجلی کی بندش کی جارہی ہے جب کہ ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے پر عملہ فون نہیں اٹھاتا۔

دوسری جانب کےالیکٹرک کی ویب سائٹ پر موجود شیڈول میں 10 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا وقت درج ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور  لوڈشیڈنگ دیے گئے شیڈول کے مطابق کی جاتی ہے۔ 

مزید خبریں :