08 جون ، 2024
راولپنڈی: وفاقی اور پنجاب حکومت کے 21 محکمے واسا کےکروڑوں روپے کے نادہندہ نکلے۔
واسا ذرائع کے مطابق نادہندہ سرکاری محکموں کے 8 کروڑ 21 لاکھ 15 ہزارسے زائد روپے واجب الادا ہیں اور یہ محکمے واسا کے پانی کے وسائل استعمال کرکے بل ادا نہیں کرتے۔
ذرائع نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کے ذمہ ایک کروڑ 34 لاکھ 8 ہزار، محکمہ پارکس اینڈ کلچر کے ذمہ ایک کروڑ 93 لاکھ سے زائد اور ٹی ایم اے کے ذمہ 3 کروڑ 28 لاکھ سے زائد روپے واجب الادا ہیں۔
واسا ذرائع کے مطابق پولیس بلڈنگ ڈپارٹمنٹ اور اسپورٹس بورڈ 71 لاکھ روپے، محکمہ صحت، میٹرو بس سروس اورپنجاب کوآپریٹیو ڈپارٹمنٹ ایک کروڑ سے زائد کے نادہندہ ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ہاؤسنگ ڈپارٹمنٹ، آر ڈی اے اور پی ٹی سی ایل 3 کروڑ 65 لاکھ سے زائد کے نادہندہ ہیں جب کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن، محکمہ جنگلات، واپڈا، انکم ٹیکس بھی واسا کے نادہندہ ہیں۔
واسا راولپنڈی نے تمام نادہندہ محکموں کو بقایا جات ادا کرنے کے نوٹس جاری کردیے ہیں۔