Time 21 مارچ ، 2025
پاکستان

ایم کیو ایم کے تحفظات، وفاقی حکومت کی کراچی، حیدرآباد میں ترقیاتی کاموں کے جلد آغاز کی یقین دہانی

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات دور کرنے کے لیے وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے رابطہ کرکے کراچی اور حیدرآباد میں جلد ترقیاتی کاموں کے آغاز کی یقین دہانی کرادی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں ترقیاتی کاموں کے آغاز میں تاخیر پر ایم کیو ایم پاکستان نے شدید تحفظات ظاہر کیے تھے جس پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے سعودیہ عرب سے زوم پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے میٹنگ کی۔

ذرائع کے مطابق میٹنگ میں سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال، امین الحق، جاوید حنیف اور اظہار الحسن شریک تھے جب کہ متعلقہ اداروں کے افسران بھی اپنے دفاتر سے میٹنگ میں شریک ہوئے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں کراچی اور حیدرآباد میں ترقیاتی کاموں کے آغاز کے لیے تمام فارمیلیٹیز جلد پوری کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی جب کہ احسن اقبال نے کراچی اور حیدرآباد میں ترقیاتی اسکیموں پر جلد کام کے آغاز کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم رہنما امین الحق نے جیو نیوز سے گفتگو میں مطالبات نہ ماننے اور حکومت کے ایم کیو ایم سے کیے گئے وعدے پورے نہ ہونے کا گلہ کرتے ہوئے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے پر غور کا عندیہ دیا تھا۔

مزید خبریں :