14 جون ، 2024
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیرداخلہ نے مولانا فضل الرحمان کی عیادت کی اورخیریت دریافت کی۔ انہوں نے سربراہ جے یو آئی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ کی صحت و سلامتی کیلئے دعا گو ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے 25 سال کا دیرینہ تعلق ہے، ان سے عزت و احترام والا رشتہ ہے۔
بعدازاں ایوان صدر میں صدرپاکستان آصف علی زرداری سے وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھاکہ پاکستان کو آگے لے جانا ہے اور اس سلسلے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، سیاسی جماعتوں کوجمہوری اور آئینی ذمہ داری نبھاتے ہوئے وطن کی ترقی و خوشحالی کومقدم رکھنا ہے، ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر صرف اور صرف پاکستان کا سوچنا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی اور سیاسی مسائل حل کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کی تجویز پر گفتگو کی تھی۔