Time 03 جولائی ، 2024
پاکستان

مریم نے دوران اجلاس آٹے کے مارکیٹ نرخ منگوالیے، محکمہ فوڈ کے ڈیٹا سے مختلف نکلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں مارکیٹ میں آٹے کے  ریٹ محکمہ خوراک کے پیش کردہ ڈیٹا سے مختلف نکلے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں محکمہ فوڈ نے بریفنگ دی کہ پنجاب میں 2.2 ملین میٹرک ٹن گندم کے سرکاری ذخائر موجود ہیں اور مجموعی طور پر 6 ملین میٹرک ٹن سے زائد گندم موجود ہے جبکہ ذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے گندم ذخائر کی جیو ٹیگنگ کی جارہی ہیں۔

دوران اجلاس مریم نواز نے آٹے کے مارکیٹ نرخ منگوا کر سامنے رکھ دیے اور محکمہ فوڈ کی بریفنگ میں پیش کردہ ڈیٹا مارکیٹ کے آٹا نرخ سے مختلف نکلا۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے آٹا نرخ کے غلط اعدادوشمار پیش کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

مریم نواز نے محکمہ فوڈ کی ری اسٹرکچرنگ کی ہدایت کی اور کرپٹ عناصر کے خلاف یقینی قانونی کارروائی کا حکم دیا۔

انہوں نے محکمہ فوڈ کے افسران اور ملازمین کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا میکنزم بنانے کا بھی  حکم دیا اور کہا کہ آٹا نرخ ناجائز طور پر بڑھانے کی اجازت نہیں دوں گی، مافیاز اپنا کام کررہے ہیں اور محکمے سو رہے ہیں۔

 وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ محکمے اپنا کام نہیں کریں گے تو گورننس کیسے بہتر ہوگی؟ کسان گندم بیچ چکا، اب مافیاز کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔

اجلاس میں پاکستان کوالٹی کنٹرول اسٹینڈرڈ کی کیٹیگری کے مطابق آٹا نرخ کے تعین کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پرمٹ کے ساتھ آٹے کی نقل و حمل کی اجازت بھی دینے کا فیصلہ ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے آٹے کے مارکیٹ نرخ کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرلی۔ 

مزید خبریں :