05 جولائی ، 2024
وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ محرم الحرام میں انٹرنیٹ بند کرنے کے حوالے سے صوبوں کی درخواست مسترد کرنے کی خبریں درست نہیں۔
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ صوبوں کی طرف سے درخواستوں پر وزارت داخلہ نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دفتر سے بھی اس معاملے پر کسی قسم کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی کسی صوبے کی درخواست منظور کی ہے نہ مسترد، اس معاملے پر قیاس آرائیوں سے پرہیز کیا جائے۔
خیال رہے کہ پنجاب میں محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کی سفارش کی گئی تھی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران صوبے میں سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کی سفارش کی تھی جس کے لیے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو مراسلہ بھجوایا گیا۔
مراسلے میں سفارش کی گئی کہ کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب میں 6 سے11محرم الحرام تک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سروسز معطل کی جائیں۔