09 فروری ، 2013
اسلام آباد … وزیراعظم راجا پرویز اشرف 5 روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ اپنے برطانوی ہم منصب سمیت اہم عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ برطانیہ روانگی سے پہلے چکلالہ ایئر بیس پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے دوستانہ اورانتہائی اچھے روابط ہیں وہ 9 فروری سے 13 فروری کے دوران اپنے برطانوی ہم منصب سمیت اعلیٰ سرکاری عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ برطانوی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون اور تجارتی حجم بڑھانے سمیت پاکستانی مصنوعات کی برطانوی اور یورپی منڈیوں تک رسائی کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔ وزیر اعظم برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں اور خطاب کریں گے۔