09 فروری ، 2013
اسلام آباد … بھارت میں افضل گورو کی پھانسی کے خلاف جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماوٴں نے 24 گھنٹے کیلئے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر دھرنا دے دیا، ان کا مطالبہ ہے کہ افضل گورو کی لاش لواحقین کے حوالے کی جائے، کشمیری رہنما یاسین ملک کا کہنا ہے کہ بھارت نے انسانی حقوق پامال کئے۔ نیشنل پریس کلب کے سامنے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں جماعت الدعوة کے کارکن بھی شریک ہیں، اس سے قبل نیشنل پریس کلب میں نیوز کانفرنس میں کشمیری رہنما یاسین ملک نے کہا کہ بھارت نے افضل گورو کو پھانسی دے کر انسانی حقوق پامال کئے، اس کے اہل خانہ کو بھی پھانسی سے لا علم رکھا گیا۔ یاسین ملک کاکہنا تھا کہ بھارت نے افضل گورو کو الیکشن کی بھینٹ چڑھا دیا ہے، پاک بھارت مذاکرات کا ریلیف یہ ملا کہ ایک حریت لیڈر کو پھانسی اور 31 لیڈروں کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ انہوں نے 24 گھنٹے کیلئے بھوک ہڑتال کرنے اور کشمیر میں 4 دن تک مکمل ہڑتال کا بھی اعلان کیا۔