پاکستان
28 فروری ، 2012

خوردنی تیل اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری،ترسیل بند

خوردنی تیل اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری،ترسیل بند

کراچی. . . . . . . ٹرانسپورٹرز اور گھی مل مالکان کی لڑائی میں سراسر نقصان عوام کا ہورہا ہے۔ خوردنی تیل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور انتظامیہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ ہڑتال آج دسویں روز بھی جاری رہے گی،جبکہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے بھی آج دوسرے دن ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے ۔ کمپنیوں کی جانب سے گھی و تیل کی رسد بند ہونے سے گزشتہ دس روز کے دوران کراچی میں کھلے گھی کی قیمت 160 سے بڑھ کر 185 روپے فی کلو کی سطح پر آگئی ہے۔ریٹیل مارکیٹ میں گھی و تیل کا تقریبا دو روز کا ذخیرہ رہ گیا ہے۔ دوسری جانب لاہور اور اسلام آباد میں بھی تیل و گھی کی رسد نہ ہونے کے باعث اچھی کمپنیوں کا گھی غائب ہوچکا ہے اور کھلا گھی180 روپے فی کلوبک رہا ہے۔ دس روزہ ہڑتال پر چیئرمین خوردنی تیل ٹینکرز ایسوسی ایشن بختاورخان نے کہا کہ مقدمات واپس لینے اور سکیورٹی فراہم کرنے تک ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔ جبکہ وائس چیئرمین آئل ٹینکرز ایسوسی اشن شمس شہوانی کا کہنا ہے کہ این ایل سی کی مداخلت ختم کی جائے اور ٹینکرز میں تیل کی ترسیل ان کے ذریعے کی جائے ورنہ انکی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہے گی۔ پیر کو خوردنی تیل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ جس کے بعد خوردنی تیل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے آج انتظامیہ سے مذاکرات متوقع ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری رہی تو چند دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی بھی قلت ہوجائے گی۔

مزید خبریں :