28 فروری ، 2012
اسلام آباد.. . . . . . وزیر اعظم کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہوگی۔سپریم کورٹ کا سات رکنی بینچ وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے اور اس درخواست کی سماعت آج کرے گا ۔وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس میں ان کے وکیل اعتزاز احسن نے وزیر اعظم کے دفاع میں گواہ اور شہادتیں پیش کرنے کے بجائے بابر اعوان ، سیکریٹری قانون اور سیکرٹری کیبنٹ کو عدالتی گواہ بنانے کی درخواست داخل کر دی ہے۔ سپریم کورٹ نے این آر او فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کے خلاف توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرتے ہوئے ملزم کو اپنے دفاع میں گواہ اور شہادتیں پیش کرنے کاحکم دیا تھا۔ وزیر اعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے وزیر اعظم کے حق میں گواہ اور شہادتیں پیش کرنے کے بجائے 27فروری کو عدالت میں درخواست داخل کی کہ عدالت فوجداری قانون کے تحت سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان ، سیکرٹری قانون مسعود چشتی ، اور سیکریٹری کیبنٹ نرگس سیٹھی کو بطور عدالتی گواہ اور سمریوں کو بطور شہادت طلب کرے تاکہ استغاثہ اور صفائی دونوں کے وکلاء کو ان پر جرح کا موقع مل سکے ۔