29 جولائی ، 2024
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کے کیسز دوسرے جج کو منتقل کرنے کی درخواست خارج کر دی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے اعظم سواتی کی جانب سے کیسز دوسرے جج کو منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ آپ تو ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے، پہلے شامل تفتیش تو ہوں، عدالت آپ کو بار بار کہہ رہی ہے شامل تفتیش ہوں مگر آپ نہیں ہو رہے۔
اعظم سواتی کے وکیل نے کہا کہ ہم شامل تفتیش ہو رہے ہیں، پولیس انوسٹی گیشن نہیں کر رہی، جس پر جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ جج صاحب پر الزام عائد کرنے سے پہلے اپنی گراؤنڈ بتائیں۔
وکیل اعظم سواتی نے استدعا کی کہ عدالت دلائل کے لیے مہلت فراہم کرے، جس پر چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اعظم سواتی کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ مہلت نہیں مل سکتی۔