14 فروری ، 2013
کراچی…سوئی سدرن کی جانب سے 30 دن سے زائد میٹر ریڈنگ کر کے کئی ہزار صارفین سے دُگنے گیس بل وصول کیے جا رہے ہیں، بل صحیح کروانے جائیں تو عملہ ٹکا سا جواب دے دیتا ہے، جان بوجھ کر یا ان جانے رقم سمیٹنے کا سلسلہ جاری ہے ۔سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے، جیو نیوز کے سروے کے مطابق، بیشتر گھروں میں میٹر ریڈنگ 30 دن سے زائد کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ صارفین کا بل 100 یونٹ سے زائد ہو تو ہر یونٹ پر 106 روپے اضافی دینا ہوتے ہیں اور اگر یونٹ 300 سے زائد ہوں تو ہر یونٹ پر 212 روپے اضافی ہوں گے اور اگر یونٹ 500 سے بڑھا جائیں تو فی یونٹ ادائیگی 530 روپے کے حساب سے کرنا ہو گی، صارفین کے مطابق 32، 33 یا 35 دن میں ریڈنگ کر کے کئی ہزار صارفین کا بل 100 یونٹ،300 یونٹ اور 500 یونٹ سے بڑھایا جارہا ہے، شکایت کی صورت میں عملہ ٹکا سا جواب دے رہا ہے جبکہ ایس ایس جی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ عملہ بل صحیح کرنے کا پابند ہے۔