15 فروری ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے مخدوم شہاب الدین اور علی موسیٰ گیلانی کو ضمانت دینے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اے این ایف کی نظرثانی اپیل خارج جب کہ حنیف عباسی ، ندیم ظفر اور شیخ انصار کی ضمانت منسوخی پر نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ایفی ڈرین کوٹاکیس سے متعلق اے این ایف کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ایفی ڈرین کے نامزد ملزمان کے خلاف ثبوت ٹرائل کورٹ میں پیش کیے جائیں۔ اے این ایف کے پراسیکیوٹر شاہد عباسی کا کہنا تھا کہ ملزمان کی ضمانت منسوخی کی درخواستوں کو میرٹ پر سنا جائے۔ ہائی کورٹ نے حنیف عباسی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی تھی ،ملزمان پر انسداد منشیات ایکٹ کی دفعہ 9 کا اطلاق ہوتاہے ، ہائی کورٹ نے دیگر دفعات کے تحت ضمانت منظور کی ، مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔