15 فروری ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے بلوچستان امن و امان کیس میں حکم دیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے دوران بلوچستان میں کوئی گڑ بڑ نہیں ہونی چاہیے، ڈیرہ بگٹی میں سویلین حکمرانی بحال کی جائے ، بلوچستان میں گورنر راج کی توثیق نہیں کی، عدالت جمہوری نظام کے حق میں ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلوچستان امن وامان کیس کی سماعت کی ، عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ الیکشن سر پر ہیں، بلوچستان میں جبری ہتھکنڈے استعمال کیے گئے تو نقصان ہو گا، بلوچستان کو بچانا ہے تو وہاں لوگوں کو غیر مسلح کرنا ہو گا،مجبوری یہ ہے کہ سیاسی نظام میں سمجھوتہ کر لیا جاتا ہے، ہر کوئی شکایت کر رہا ہے کہ ڈیرہ بگٹی میں سویلین نہیں ایف سی کی حکمرانی ہے،ڈیرہ بگٹی میں سویلین حکمرانی بحال کی جائے ،نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحفاظت واپسی تک حالات دُرست نہیں ہو سکتے۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں حقیقی نمائندے آئے تو امن وامان کی صورت حال میں بہتری کی توقع ہے۔