16 فروری ، 2013
لاہور…لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بالائی علاقوں میں برف باری جاری ہے اور کئی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔لاہور ،پنڈی ، ملتان، وہاڑی اور بہاول پور میں را ت بھر ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ جس کی وجہ سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ کراچی میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد آج مطلع صاف ہے تاہم ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب بالائی علاقوں کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بابو سر ٹاپ ،نیاٹ ٹاپ اور نانگا پربت ٹاپ سمیت متعدد علاقوں میں برفباری جاری ہے۔ ہنزہ نگر میں 2روز سے وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے ، جس کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب ، خیبر پختون خواہ، بالائی سندھ اور شمالی بلوچستان میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔جبکہ مری اور گلیات میں بھی مزید برفباری کی توقع ہے۔