16 فروری ، 2013
ٹوبہ ٹیک سنگھ…تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اورزرداری اپنے امپائروں کو اپنے ساتھ ملا لیں ،میں عوام کی طاقت سے سب کو شکست دوں گا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک ملک سے کرپشن نہیں ختم ہوگی،عوام مہنگائی کا بوجھ برداشت کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے اڑھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں ،قومی خزانہ کو تصویریں کھنچوانے پر خرچ کیاجارہا ہے،صدر زرداری کے حکمران ٹولے نے قومی اداروں کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ صدر زرداری اپنا ذریعہ معاش بتائیں کہ انہوں نے لاہور میں 5 سو کروڑ روپے کا محل کیسے بنایا؟27کلو میٹر کے سڑک پر پنجاب کا 80ارب روپے کا بجٹ لگادیاگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ شریف برادران اپنی فیکٹریوں میں مزدوروں کو 9ہزار کے بجائے 6ہزار دے رہے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم کو ایک ایسا پاکستان دینا چاہتے ہیں جہاں کوئی طاقتور کمزور پر ظلم نہ ڈھال سکے۔اس موقع پر پارٹی رہنما ابرار الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ آدھے سے زیادہ پنجاب کا بجٹ لاہور میں لگ چکا ہے،لیکن پنجاب نہیں بدلا ہے۔