03 ستمبر ، 2024
بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ کے پہاڑی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث طوفانی بارش نے تباہی مچادی۔
مسلسل بارش کی وجہ سے قلعہ سیف اللہ کے پہاڑی علاقوں میں انتہائی اونچے درجے کے ریلے قریبی آبادیوں، فصلوں اور باغات میں داخل ہوگئے جس سے بڑے پیمانے پر نقصانات کا سامنا ہے۔
سیلابی ریلے آبادی میں آنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ بےگھر ہوگئے۔
ادھر خیبرپختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی این 65 ہائی وے کئی مقامات پر سیلاب سے متاثر ہوئی جس سے زیارت، قلعہ عبداللہ اور پشین اضلاع میں پریشان کن صورتحال ہے۔
پشین میں بلوزئی چیک ڈیم شگاف پڑنے کے بعد ٹوٹ گیا، سیلابی ریلے پل اور کئی رابطہ سڑکیں بہا لے گئے۔
دوسری جانب ہرنائی میں شدید بارشوں اور ریلے سے سروتی حفاظتی بند کئی جگہوں سے ٹوٹ گیا جبکہ ریلوے پٹری کو بھی نقصان پہنچا۔