پاکستان
16 فروری ، 2013

کوئٹہ: کیرانی روڈ پر دھماکا، 53 افراد جاں بحق، 130 سے زائد زخمی

کوئٹہ: کیرانی روڈ پر دھماکا، 53 افراد جاں بحق، 130 سے زائد زخمی

کوئٹہ … کوئٹہ کے نواحی علاقے کیرانی روڈ پر ہزارہ کالونی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں خواتین سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 53 ہوگئی، واقعے 130 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں 25 کی حالت تشویشناک اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کرکے ان کی جان بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ نمائندگان کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کیرانی روڈ پر بازار کے قریب رکشہ میں نصب ریموٹ کنٹرول بم کے زور دار دھماکے میں 53 افراد جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت 130 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 25 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق شدید زخمی افراد کو سی ایم منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی جان بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ڈی آئی جی وزیر خان ناصر کا غیر ملی نیوز ایجنسی سے گفتگو میں کہنا ہے کہ دھماکا کیرانی روڈ پر ہزارہ کالونی میں ہوا، جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دھماکے میں کئی گاڑیوں، دکانوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز تقریباً پورے شہر میں سنی گئی۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کسی کو بھی علاقے میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی تاکہ کسی دوسرے دھماکے کی صورت میں نقصان سے بچا جاسکے۔ دھماکے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، زخمیوں کو سی ایم ایچ، سول اور بی ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی۔ نمائندہ کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو اداروں اور سیکیورٹی فورسز پر مشتعل افراد کی جانب سے پتھراوٴ کیا گیا جبکہ علاقے میں فائرنگ بھی ہوئی۔ دھماکے کے بعد کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی اور مشتعل افراد نے گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا جس کے باعث متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دوسری جانب مجلس وحدت المسلمین، تحفظ عزاداری کونسل، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان اور دیگر تنظیموں نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ مجلس وحدت المسلمین نے کل کوئٹہ میں شٹر ڈاوٴن ہڑتال اور تحفظ عزاداری کونسل نے 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ جعفریہ الائنس نے ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :