16 فروری ، 2013
اسلام آباد…جماعة الدعوة پاکستان کے امیر حافظ محمد سعید کا کہنا ہے کہ امریکا، افغانستان میں شکست کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتا ہے۔شکست خوردہ عناصر جانتے ہیں کراچی پاکستان کا دماغ ہے اورقاتل ہمیشہ دماغ پر گولیاں چلاتاہے۔ قیام امن کیلئے ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور علماء کو متحد ہوکر عالمی سازشوں کو سمجھنا ہوگا۔ کراچی میں دفاع اسلام علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید کا کہنا تھا سیاسی جماعتیں الیکشن حوصلے سے لڑیں ایک دوسرے کو نشانہ نہ بنائیں اس کا فائدہ ملک دشمن اٹھا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ موجودہ صورتحال کے مقابلے کے لیے جوابی حملہ نہیں صبر کا دامن پکڑ کر علماء اور سیاستدانوں کا اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہ یہاں شیعہ سنی کا کوئی جھگڑا نہیں پیچھے بیٹھا دشمن فائدہ اٹھا رہا ہے۔ پاکستان میں لسانیت اور صوبائیت جیسے نعروں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ رواں اور آئندہ سال ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔ امریکہ افغانستان سے واپس جارہا ہے اور بھارت ،پاکستان کے خلاف جنگ کی تیاری کررہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے واقعات کے پیچھے شکست خوردہ عالمی طاقت کا ہاتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے افغانستان سے نکلنے کے بعد بھارت بھی کشمیر سے نکلنے پر مجبور ہوجائیگا۔