28 فروری ، 2012
میرپور…بنگلا دیش پریمئر لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں احمد شہزاد کی ریکارڈ ساز سنچری کے باعث بریسال برنرز درنتو راجشاہی کو8وکٹوں سے ہراکر فائنل میں پہنچ گئی۔احمد شہزاد نے چوکوں اور چھکوں کی بارش کرتے ہوئے صرف 40 گیندوں پربنگلا دیش پریمئر لیگ کی تیز ترین سنچری مکمل کی۔ شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بریسال برنر نے ٹاس جیت کر درونتو راجشاہی کو بیٹنگ کی دعوت کی۔ یاسر عرفات کی تباہ کن بولنگ نے درونتو راجشاہی کو ابتداء ہی میں شدید مشکلات سے دوچار کردیا جب پہلے ہی اوور میں صرف 3 رنز پر اس کے تین ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین واپس لوٹ گئے۔ شاہ زیب حسن 2رنز بنائے جبکہ جنید صدیق اور سیموئلز کوئی رن نہ بناسکے، تاہم ایروین اور مشفق الرحیم نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 110 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ ایروین نے 61 گیندوں پر 82 جبکہ مشفق الرحیم نے 33 گیندوں پر58 رنز بنائے۔ عبدالرزاق نے ناقابل شکست 32 رنز اسکور کیے، یوں درونتو راج شاہی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔ یاسر عرفات نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں بریسال برنرز نے مطلوبہ ہدف2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔احمد شہزاد نے ناقابل شکست 113رنز بنائے۔انہوں نے 49 گیندوں کا سامنا کیا۔دوسرا سیمی فائنل ڈھاکا گلیڈی ایٹرز اور کھلنا رائل بنگالز کے درمیان شام ساڑھے پانچ بجے کھیلا جائے گا۔ میچ جیو سوپر پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔