28 فروری ، 2012
پشاور…خیبر پختون خوا کی جیلوں سے قیدیوں کی غیر قانونی طور پر پنجاب منتقلی سے پردہ اٹھنے کے بعد محکمہ جیل خانہ جات میں اکھاڑ پچھاڑ شروع ہوگئی ہے۔واقعے میں ملوث جیل اہلکاروں کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی۔محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اعظم خان نے صوبے کی جیلوں سے قیدیوں کی غیر قانونی طور پر پنجاب منتقلی کا نوٹس لیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ کے حکم پر جیل کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا۔قیدیوں کی منتقلی میں ملوث محکمہ جیل خانہ کے سیکشن آفیسراور دیگر اسٹاف کو دوسرے سیکشن میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ زرائع کے مطابق جیلوں سے 60 قیدیوں کی منتقلی کی تصدیق آئی جی جیل خانہ جات نے بھی کر دی ہے جبکہ اس سلسلے میں وزارت داخلہ کے ساتھ کوئی خط و کتابت نہیں کی گئی۔قیدیوں کی مبینہ منتقلی میں ملوث افراد کے خلاف انکوائری کا حکم بھی دے دیا گیااور 10 دن میں رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔