Time 16 ستمبر ، 2024
صحت و سائنس

قبض سے فوری ریلیف دلانے والے 6 بہترین ٹوٹکے

قبض سے فوری ریلیف دلانے والے 6 بہترین ٹوٹکے
قبض ایک بہت عام مسئلہ ہے / فائل فوٹو

اچھی صحت کے لیے آنتوں کے صحت مند افعال ضروری ہوتے ہیں تاکہ قبض جیسی بیماری سے تحفط مل سکے۔

دنیا بھر میں ہر عمر کے کروڑوں افراد کو قبض کا سامنا ہوتا ہے۔

امریکا کے کلیو لینڈ کلینک کے ماہرین کی جانب سے اس مسئلے سے فوری نجات دلانے کے لیے چند بہترین ٹوٹکے بتائے گئے ہیں۔

انہوں نے اس مقصد کے لیے قبض کے شکار لاکھوں افراد کے ساتھ کام کیا۔

سونف سے مدد لیں

ماہرین نے سب سے پہلے سونف کو آزما کر دیکھا۔

تحقیق سے عندیہ ملا کہ سونف میں ایسے مرکبات موجود ہوتے ہیں جو نظام ہاضمہ کو متحرک کرتے ہیں اور پیٹ کی تکلیف میں کمی لاتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ سونف سے آنتوں کے افعال بھی حرکت میں آتے ہیں جس سے فضلے کو خارج کرنا آسان ہو جاتا ہے۔

ان کے مطابق سونف کو غذا یا چائے میں شامل کرکے استعمال کرنے سے قبض سے فوری نجات مل سکتی ہے۔

اسپغول

اسپغول بھی نظام ہاضمہ کے لیے بہترین ہے۔

ماہرین کے مطابق اسپغول کے استعمال سے قبض سے نجات ملتی ہے مگر اسے ہیضے سے بچاؤ کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ شروع میں اسپغول کی کم مقدار کا استعمال کریں اور پھر ضرورت پڑنے پر یہ مقدار بڑھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شروع میں دن میں 3 بار ایک چائے کے چمچ اسپغول کا استعمال کریں جبکہ اس کے ساتھ زیادہ پانی بھی پینا عادت بنائیں۔

دالیں اور چنے

غذائی فائبر آنتوں کے افعال کے لیے ضروری ہوتا ہے۔

دالوں، بیجوں اور چنوں میں غذائی فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو نظام ہاضمہ کے لیے مفید ہوتا ہے اور قبض سے فوری ریلیف ملتا ہے۔

البتہ چنوں اور دالوں کی بہت زیادہ مقدار کے استعمال سے گریز کریں ورنہ پیٹ پھولنے اور اضافی گیس کا سامنا ہو سکتا ہے۔

کیوی

کیوی ایسا پھل ہے جو جلاب کی طرح کام کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق وٹامن سی کے ساتھ ساتھ کیوی میں فائبر، پوٹاشیم، وٹامن ای اور فولیٹ جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں۔

روزانہ 2 کیوی کھانے سے قبض سے فوری نجات پانے میں مدد ملتی ہے۔

السی کے بیج

السی کے بیج میں صحت کے لیے مفید ایسی چکنائی ہوتی ہے جو ورم کش خصوصیات سے لیس ہوتی ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ السی کے بیج قبض کا مؤثر علاج ثابت ہوتے ہیں کیونکہ ان میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

روزانہ ایک سے 2 کھانے کے چمچ السی کے بیج کھانے سے قبض کو خود سے دور رکھنا آسان ہو جاتا ہے۔

ورزش

جسمانی سرگرمیاں معدے کے مسلز اور آنتوں میں خون کے بہاؤ کو متحرک کرتی ہیں۔

درحقیقت بہت زیادہ سخت ورزشیں کرنے کی ضرورت نہیں، کچھ وقت تک تیز رفتاری سے چہل قدمی کرنے سے بھی قبض سے فوری ریلیف مل سکتا ہے۔

مگر اس کے لیے اسے روزمرہ کی زندگی کا معمول بنانا ضروری ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :