Time 01 اکتوبر ، 2024
دنیا

13 روز سے مسلسل چھینکوں نے ترک خاتون کو بے حال کردیا، حکام سے مدد کی اپیل

ترکیہ میں ایک خاتون کو  انوکھا مرض لاحق ہوگیا ہے جو کہ 13 روز  سے  مسلسل  چھینکے جارہی ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق باتمان شہر کی رہائشی بے نظیر نامی 24 سالہ خاتون اس تکلیف دہ عارضےکا شکار  ہے۔

رپورٹ کے مطابق  خاتون جو کہ دو بچوں کی ماں ہے، اسے 18 ستمبر سے چھینکیں آنا شروع ہوئیں جو کہ اب تک جاری ہیں۔

چھینکیں نہ رکنے پر  بے نظیر کے اہلخانہ نے انہیں باتمان شہر کے اسپتال میں داخل کرایا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا اور چھینکیں جاری ہیں۔ مسلسل چھینکوں کی کوئی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

13 روز سے مسلسل چھینکوں نے ترک خاتون کو بے حال کردیا، حکام سے مدد کی اپیل
خاتون جو کہ دو بچوں کی ماں ہے، اسے 18 ستمبر سے چھینکیں آنا شروع ہوئیں جو کہ اب تک جاری ہیں،فوٹو: ترک میڈیا

خاتون کی ایک رشتہ دار  نے صحافیوں کو بتایا کہ بے نظیر 13 روز سے چھینکیں آنے سے پریشان ہے، مسلسل چھینکوں کی وجہ سے اس کا کھانا پینا بھی بند ہے، وہ 2 بچوں کی ماں ہے، اس کا سونا  بھی مشکل ہوگیا ہے،کوئی حل نہیں مل رہا، حکام سے درخواست ہے کہ وہ ہماری مدد کریں اور بے نظیر کا علاج کرائیں۔

خیال رہے کہ 3 سال قبل ترکیہ کے شہر باتمان میں ہی ایک ایسا ہی کیس سامنے آیا تھا جس میں 15 سالہ لڑکی کو مسلسل چھینکوں کے باعث اسپتال لایا گیا تھا۔

بعد ازاں اس لڑکی کو انقرہ کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ کامیاب سرجری کے بعد صحت یاب ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :