Time 04 اکتوبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل سرچ میں نئے اے آئی فیچرز کا اضافہ

گوگل سرچ میں نئے اے آئی فیچرز کا اضافہ
کمپنی کی جانب سے نئی اپ ڈیٹس کا اعلان کیا گیا / فائل فوٹو

گوگل نے اپنے سرچ انجن کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔

درحقیقت ان نئے فیچرز کے بعد ہر فرد کو اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا چاہے وہ اسے پسند کرتا ہو یا نہیں۔

کمپنی کے مطابق گوگل سرچ کو اب اے آئی کی مدد سے منظم کیا جا ئے گا تاکہ آپ مطلوبہ سرچ رزلٹس زیادہ تیزی سے حاصل کرسکیں۔

سب سے پہلے امریکا میں یہ تبدیلی کی جا رہی ہے اور آئندہ چند ماہ میں دیگر ممالک میں اسے متعارف کرایا جائے گا۔

گوگل کی جانب سے اے آئی اوور ویوز کے نئے ڈیزائن کا اعلان بھی کیا گیا۔

اے آئی اوور ویوز کے نئے ڈیزائن میں سمری کے ساتھ لنکس بھی دیے جائیں گے تاکہ صارفین کے لیے مطلوبہ ویب سائٹس تک رسائی آسان ہو جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے اے آئی سرچ رزلٹس میں اشتہارات کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے یہ اعلان بھی کیا کہ سرکل ٹو سرچ کا فیچر 15 کروڑ سے زائد اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس سے قبل یہ فیچر محدود کمپنیوں کے فونز پر دستیاب تھا مگر اب اسے متعدد فونز میں استعمال کیا جاسکے گا۔

ویب پر سرکل ٹو سرچ کو صارفین فلموں اور دیگر آڈیو فائلز میں موجود گانوں کی شناخت کے لیے بھی استعمال کرسکیں گے۔

گوگل لینس میں بھی اے آئی اپ ڈیٹس کی جا رہی ہیں جن میں زیادہ اہم وائس اور ویڈیو سرچ کا آپشن ہے۔

گوگل نے بتایا کہ کہ اب آپ لینس میں ویڈیوز کو اپ لوڈ کرکے اے آئی ٹیکنالوجی سے متحرک اشیا کے بارے میں پوچھ سکیں گے۔

وائس سرچ بھی اسی طرح کام کرے گی اور آپ گوگل لینس کو جیمنائی لائیو اور چیٹ جی پی ٹی کے ایڈوانس وائس موڈ کی طرح استعمال کرسکیں گے۔

مزید خبریں :