پاکستان
29 فروری ، 2012

امریکا :اہلخانہ پر فائرنگ اور خودکشی کرنیوالا پاکستانی ڈاکٹر مالی پریشانیوں کا شکارتھا

 امریکا :اہلخانہ پر فائرنگ اور خودکشی کرنیوالا پاکستانی ڈاکٹر مالی پریشانیوں کا شکارتھا

ہیوسٹن … راجہ زاہد اختر خانزادہ … امریکا میں اہلخانہ پر فائرنگ کر کے خودکشی کرنے والا پاکستانی ڈاکٹر سردار شیخ مالی پریشانیوں سے دوچار تھا، اس سے متعلق مزید تفصیلاتمیڈیا کو موصول ہوئی ہیں جس کے مطابق ڈاکٹر سردار شیخ تقریباً 20 سال سے امریکہ میں مقیم تھے اور وہ امریکی شہری تھے، جنہوں نے تقریباً 16 سال قبل میکسیکو ملک سے تعلق رکھنے والی خاتون ماریا اسبیل گرونا سے شادی کی تھی جس سے ان کی دو بیٹیاں تھیں۔ گذشتہ روز فائرنگ کے نتیجے میں انکی بیٹی 12 سالہ جیکسلین شیخ ہلاک ہوگئی تھی، جبکہ 14 سالہ بیٹی وی ون شیخ اور ان کی اہلیہ ماریا اس حملے میں شدید زخمی ہوگئیں تھیں جو کہ ہیوسٹن کے بین ٹیوب جنرل اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ تاہم سر پر گولیاں لگنے کے باعث ان کی اہلیہ زندگی بھر کیلئے معذور ہوگئی ہیں۔ ڈاکٹر سردار شیخ کے بارے میں مزید معلوم ہوا ہے کہ وہ چانڈکا میڈیکل کالج سے گریجویٹ تھے تاہم امریکہ میں وہ بحیثیت الٹرا ساؤنڈ ٹیکنیشن کے طور پر کورس کرنے کے بعد ایک اسپتال میں ملازم تھے تاہم کچھ عرصہ قبل ان کو نوکری سے برطرف کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ مالی پریشانیوں سے دوچار تھے اور جس اپارٹمنٹ میں وہ اہل خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھے اس کا دو ماہ سے وہ کرایہ بھی ادا نہیں کرپائے تھے ۔ ان کے والد خیرپورناتھن شاہ میں سونے کے تاجر ہیں۔ کچھ عرصہ قبل وہ اپنی فیملی کے ہمراہ پاکستان سندھ بھی گئے تھے تاہم کچھ عرصہ قبل گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے انہوں نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی تھی تاہم کچھ عرصہ بعد راضی نامہ ہونے کے بعد ان کی فیملی انکے ساتھ واپس مقیم ہوگئی تھی ۔ ہیوسٹن پولیس کے آفیسر مظفر صدیقی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پولیس اس بارے میں تفتیش کررہی ہے کہ آخرکار انہوں نے اپنی بیٹیوں پر کیوں فائرنگ کی۔ انکے پڑوسیوں کاکہنا ہے کہ ڈاکٹر سردار شیخ نے اہل خانہ پر حملے کے بعد اپارٹمنٹ سے باہر نکل کر اپنے سر پر گولی چلائی اور خودکشی کی۔ ڈاکٹر سردار شیخ سے متعلق مقامی سندھی کمیونٹی کے افراد کا کہنا ہے کہ وہ کمیونٹی کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیتے تھے اور انکے صرف چند مخصوص دوست تھے جن سے وہ بات چیت کرتے تھے۔ پولیس نے اس ضمن میں مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والی انکی بیوی اور بیٹی کے روبصحت ہونے کے بعد ان کے بیانات قلمبندکئے جائیں گے۔ دوسری جانب ڈاکٹر سردار شیخ کی میت کی روانگی کیلئے مقامی قونصلیٹ سے مقامی کمیونٹی کے افراد رابطہ میں ہیں تاہم ضروری کارروائی میں مزید دو دن لگ سکتے ہیں جس کے بعد انکی میت ہیوسٹن سے کراچی کیلئے روانہ کردی جائے گی جہاں سے میت ان کے آبائی شہر خیرپورناتھن شاہ جائے گی جہاں پران کو سپردخاک کردیا جائے گا۔ اس واردات کے بارے میں پولیس نے اپنی ابتدائی تفتیش میں کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ اس فائرنگ کی وجہ ذاتی گھریلو جھگڑا نہیں بلکہ کچھ اور ہے جس کے لئے مزید تفتیش کی ضرورت ہے اور حملے میں بچ جانے والی خواتین سے بیانات کے بعد ہی اصل صورتحال سامنے آسکے گی۔

مزید خبریں :