Time 15 اکتوبر ، 2024
کھیل

ڈریسنگ روم میں بھارت کیخلاف میچ پر بات کرنے پر پابندی ہے: کپتان پاکستان شاہینز

ڈریسنگ روم میں بھارت کیخلاف میچ پر بات کرنے پر پابندی ہے: کپتان پاکستان شاہینز
ایمرجنگ ایشیا کپ میں ہدف صرف بھارتی ٹیم نہیں تمام ہی ٹیمیں ہمارا ہدف ہیں،فوٹو: جیو نیوز

پاکستان شاہینز کے کپتان محمد حارث کا کہنا ہے کہ  ڈریسنگ روم میں بھارت کے خلاف میچ پر بات کرنے پر پابندی عائد ہے، ایمرجنگ ایشیا کپ میں ہدف صرف بھارتی ٹیم نہیں تمام ہی ٹیمیں ہمارا ہدف ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سےگفتگو میں پاکستان شاہینز کے کپتان محمد حارث نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ میں صرف بھارتی ٹیم سے ہی مقابلہ نہیں ہے وہاں اور بھی ٹیمیں ہیں، سب کو ہی شکست دینا ہوگی، ڈریسنگ روم میں بھارت سے مقابلے پر بات کرنے  پر  پابندی عائد کی ہوئی ہے کیونکہ کوچ عمر رشید سخت مخالف ہیں کہ ڈریسنگ روم میں صرف بھارتی ٹیم سے مقابلے پر بات کی جائے۔

محمد حارث کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ کا سوچ کر کھلاڑیوں پر پریشر آجاتا ہے، بھارت کا پریشر پلیئرز  پر نہیں ڈالنا، میں نے بطور کپتان اور ہیڈ کوچ نے بھارت کے حوالے سے بات کرنے پر پابندی لگائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کے لیے ہماری تیاریاں بھرپور ہیں، امید ہے اپنے ٹائٹل کو ڈیفنڈ کر ؎سکیں گے، صرف بھارت ہی پر فوکس نہیں ہوگا دیگر ٹیموں کے ساتھ بھی مقابلے ہیں، ہر ٹیم کے خلاف ہمارا پلان الگ ہوگا۔

محمد حارث کا کہنا تھا کہ پچھلے سال بھی کپتان تھا، ابھی تک کپتانی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، پی سی بی نے مجھے مختلف ٹیموں کا کپتان بنایا ہے، میرا فوکس ایمرجنگ ایشیا کپ پر ہے، ایمرجنگ ایشیا کپ میں بطور اوپنر کھیلوں گا،  ہمارے کھلاڑی فٹ ہیں۔

خیال رہے کہ  ایمرجنگ ایشیا کپ 18 اکتوبر سے عمان میں شروع ہوگا، پاکستان شاہینز کی ٹیم آج رات روانہ ہوگی، پہلا میچ پاکستان شاہینز 19 اکتوبر کو بھارت اے کے خلاف کھیلےگی۔

مزید خبریں :