29 فروری ، 2012
گلگت… کوہستان میں دہشت گردوں کے ہاتھوں 16افراد کی ہلاکت کے بعد گلگت اور ہنزہ نگر میں صورتحال کشیدہ ہے۔جاں بحق ہونے والے 11افراد کی شناخت ہوگئی ہے جن کی نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی۔ کشیدگی کی وجہ سے کرفیو کا سماں ہے۔لوگ گھروں تک محدود ہیں ،سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔جاں بحق ہونے والے 16افراد کی لاشوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے گلگت منتقل کیے جانے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر اسپتال میں تمام لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیاگیا۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان میں11لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے۔جن میں سے 3کا تعلق استور سے،ایک کا پاراچنار سے،ایک کا گلگت کے علاقے شروٹ سے،6کا تعلق ہنزہ نگر کے مختلف علاقوں سے ہے۔شناخت ہونے والی لاشیں آج مرکزی انجمن امامیہ کے سپرد کی جائیں گی۔جس کے بعدان کی اجتماعی نماز جنازہ امامیہ جامع مسجد میں ادا کی جائیگی جس کے بعد میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا جائیگا۔