29 فروری ، 2012
اسلام آباد… وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہاہے کہ بلوچستان میں ناراض بلوچ بھائیوں سے بات چیت کا عمل شروع کردیا ہے جبکہ کوہستان میں فائرنگ سے ہلاکتوں کے واقعہ میں اہم شواہد بھی ملے ہیں۔ وزیرداخلہ نے اسلام آباد میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ، نادرا کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ، اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفت گو میں کہاکہ کوہستان واقعہ میں فائرنگ 20 دہشت گردوں نے کی، دہشت گرد جس علاقے سے آئے وہاں کا پتہ بھی معلوم ہوگیا ہے، انہوں نے بلوچستان کے حوالے سے کہاکہ میڈیا سے اپیل ہے کہ ملک توڑنے ا ور آزادی کی بات کرنے والوں کو ٹاک شوز میں نہ لائیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے 930 افراد لاپتا ہونے کی فہرست بھیجی تھی، فہرست کی تحقیقات مکمل ہوگئی ہیں اسکے مطابق صرف 48 لوگ لاپتا ہیں، وزیرداخلہ نے کہاکہ نادرا سے حال ہی میں نکالے گئے لوگوں کی بحالی کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے۔