29 فروری ، 2012
اسلام آباد… وزیرداخلہ رحمان ملک نے لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے اسلام آباد میں لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے شرکاء سے ملاقات کرکے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کیمپ کے بعض شرکاء نے اس موقع پر رحمان ملک کے حق میں نعرے بازی بھی کی ۔ رحمان ملک نے لاپتہ افراد کے اہلخانہ کے احتجاجی کیمپ میں آکر کہاکہ جس کا پیارا گھر واپس نہیں آتا، اسکی تکلیف کا احساس متاثرہ خاندان کو ہی ہوتا ہے، انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ کے حکام اپنی معلومات کو احتجاجی افراد سے شیئر کریں گے، دونوں فہرستوں کا موازنہ کرنے کے بعد مزید بات کی جائے گی اور مسئلہ کو حل کرایا جائے گا، رحمان ملک کی آمد اور یقین دہانی پر کیمپ کے بعض افراد خوش بھی نظر آئے اور بعض تو جذباتی ہوکر آبدیدہ ہوگئے، کیمپ کے کچھ افراد نے اس موقع پر وزیرداخلہ کے حق میں نعرے بازی کی ۔