Time 07 نومبر ، 2024
دنیا

ٹرمپ چاہتے ہیں اسرائیل فیصلہ کن کامیابی کیساتھ جلد جنگوں کا اختتام کرے: ریپبلکن ترجمان

ٹرمپ چاہتے ہیں اسرائیل فیصلہ کن کامیابی کیساتھ جلد جنگوں کا اختتام کرے: ریپبلکن ترجمان
ٹرمپ چاہتے ہیں کہ یہ جنگ جیت کر ختم ہو، ایلزبتھ پپکو،فوٹو: فائل

ریپبلکن پارٹی کی ایک ترجمان کا کہنا ہےکہ  نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ اسرائیل فیصلہ کن کامیابی کے ساتھ جلد از جلد اپنی جنگوں کا اختتام کرے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ریپبلکن پارٹی کی ترجمان ایلزبتھ پپکو نے ٹرمپ کی جانے سے الیکشن میں فتح کے بعد اپنی پہلی تقریر میں جنگوں کے خاتمے سے متعلق بیان پر کہا کہ  ڈونلڈ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ اسرائیل جلد از جلد اور  فیصلہ کن کامیابی کے ساتھ غزہ اور لبنان میں  اپنی جنگیں اختتام کو پہنچائے۔

ایلزبتھ پپکو کا کہنا تھا کہ ٹرمپ چاہتے ہیں کہ یہ جنگ جیت کر ختم ہو۔ 100 فیصد یہی طریقہ ہے جس کے بارے میں وہ ہمیشہ  جنگوں کے خاتمے کے بارے میں بات کرتے ہیں۔

ریپبلکن پارٹی کی ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ  7 اکتوبر 2023 کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر  حملے کے وقت اگر ٹرمپ صدر ہوتے تو وہ حملہ نہیں ہوتا۔

ایلزبتھ پپکو نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے 8 اکتوبر کو دیا جانے والا جواب بھی مختلف ہوتا، ڈونلڈ ٹرمپ ہمیشہ کہتے ہیں کہ بے گناہ لوگوں کی ہلاکت کم سے کم ہو، ان کا یہی مؤقف ہے، چاہے غزہ جنگ کی بات ہو یا یوکرین کی۔

خیال رہے کہ صدارتی انتخابات میں کامیابی پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں نئی جنگیں شروع کرنے کے بجائے جاری جنگیں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

صدارتی الیکشن میں کامیابی کے بعد فلوریڈا میں وکٹری اسپیچ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج ہم نے تاریخ رقم کی ہے، امریکا نئی بلندیوں پر پہنچے گا اور ملک کے تمام معاملات اب ٹھیک کریں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ میں کوئی نئی جنگ شروع نہیں کروں گا بلکہ جنگوں کو ختم کروں گا۔

الیکشن سے قبل یوکرین کے صدر  زیلنسکی سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں یقین دہانی کروائی  تھی کہ اگر وہ امریکا کے صدر منتخب ہوئے تو روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف شروع کی گئی جنگ کو ختم کر دیں گے۔

مزید خبریں :