10 نومبر ، 2024
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کہ پنجاب کے عوام کو اسموگ کے رحم و کرم پر چھوڑ کر باپ بیٹی یورپ کی سیر پر نکلے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں اسموگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے اور باپ بیٹی جنیوا کی تازہ ہواؤں میں گھوم رہے ہیں۔
انہوں نے کہا اطلاعات ہیں کہ مریم نواز نے پرائیویٹ جیٹ ہائر کیا ہوا ہے، جہاز نے صندوقوں اور سوٹ کیسز سے بھر کر اڑان بھری ہے، ملک کی حالت قابل رحم ہے اور ان کے شاہی خرچے ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔
مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ پنجاب میں بدترین اسموگ کی وجہ سے زندگی کے معمولات معطل ہیں، باپ بیٹی کا جنیوا میں گھومنا پنجاب کے عوام کے ساتھ مذاق ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ فارم 47 کے لیڈروں سے یہی توقع کی جاسکتی ہے، فارم 45 والے لیڈرز عوام کے غم خوار اور فارم 47 والے عوام کا مذاق اڑاتے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا مریم نواز کا یورپ میں سرجری اور علاج کرانا پنجاب کے اسپتالوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، کئی باریاں لینے کے باوجود ایک اسپتال ایسا نہیں بنایا جہاں اپناعلاج کروا سکیں، پنجاب کے اسپتال ادویات کی قلت اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز پنجاب کے اسپتالوں کی تعریفیں کرتی نہیں تھکتیں لیکن خود علاج باہر سےکراتی ہیں، قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شریف خاندان کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔