13 نومبر ، 2024
مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے خواجہ آصف کے ساتھ یہ حرکت کی، ان کے نصیب میں یہی ہے، لوگوں کے پیچھے بھاگنا، یہی ان کی ٹریننگ اور گرومنگ کی گئی ہے۔
لندن میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ کارکنوں کی جماعت کےلیےخدمات قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہورہا ہے، پاکستان میں معیشت بہتر ہورہی ہے ملک آگے بڑھ رہا ہے۔
خواجہ آصف کے ساتھ پیش آئے بدتمیزی کے واقعے پر نواز شریف کا کہنا تھاکہ جن لوگوں نےخواجہ آصف کے ساتھ یہ حرکت کی، ان کے نصیب میں لوگوں کے پیچھے بھاگنا ہے، یہی ان کی ٹریننگ اور گرومنگ کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف مرد مجاہد ہیں جہاں کھڑے ہو جاتے ہیں پھر بیٹھتے نہیں، خواجہ آصف نے ہمیشہ ہرصورتحال کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے، ان کو کالج کے زمانے سے جانتا ہوں۔
خیال رہے کہ لندن میں وزیر دفاع خواجہ آصف کو گالیوں اور چاقو حملے کی دھمکیوں کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔
لندن گراؤنڈاسٹیشن پر نامعلوم شخص نے خواجہ آصف کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں چاقو حملے کی دھمکی دی۔ دوسری جانب حکومت پاکستان نے وزیردفاع خواجہ آصف کے ساتھ لندن میں پیش آئے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
حکومت پاکستان نے لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کو واقعے پرپولیس سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔