13 نومبر ، 2024
لندن: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ دھمکی دینے والے واقعے کو رپورٹ کرانے کا پراسیس چل رہا ہے۔
خیال رہے کہ لندن میں وزیر دفاع خواجہ آصف کو گالیوں اور چاقو حملے کی دھمکیوں کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔
لندن گراؤنڈاسٹیشن پر نامعلوم شخص نے خواجہ آصف کا تعاقب کرتے ہوئے انہیں چاقو حملے کی دھمکی دی۔
خواجہ آصف کے قریبی ذرائع نے جیونیوز کو تصدیق کی ہےکہ دھمکیوں اور گالیوں کی ویڈیو حقیقی ہے۔
اب اس حوالے سے خواجہ آصف کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ وہاں کیمرا بھی لگا ہوا تھا، میں دھمکی دینےوالے کو نہیں پہچانتا، دھمکی دینے والے واقعےکو رپورٹ کرانے کا پراسیس چل رہا ہے۔
دوسری جانب لندن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف مرد مجاہد ہیں جہاں کھڑے ہو جاتے ہیں پھر بیٹھتے نہیں، خواجہ آصٖف نے ہمیشہ ہرصورتحال کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے، خواجہ آصٖف کو کالج کے زمانے سے جانتا ہوں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے خواجہ صاحب کے ساتھ یہ حرکت کی، ان کے نصیب میں یہی ہے، لوگوں کے پیچھے بھاگنا ، یہی ان کی ٹریننگ اور گرومنگ کی گئی ہے۔