Time 25 نومبر ، 2024
پاکستان

وزیر اعظم کی مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکار کو شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت

وزیر اعظم کی مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکار کو شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت
فوٹو: فائل

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہکلہ کے قریب مظاہرین کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل  کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت اور شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 9 مئی کو ملک گیر فسادات برپا کرنے والے ایک مرتبہ پھر سے پر تشدد کاروائیاں کر رہے ہیں۔جب جب ملک ترقی کی منازل طے کرنے لگتا ہے، شر پسند عناصر ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ شروع کر دیتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے  ہکلہ کے قریب مظاہرین کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل مبشر شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل مبشر ایک ایسے گروہ کے ہاتھوں شہید ہوئے جو ملکی ترقی کا دشمن ہے۔

وزیرِ اعظم نے احتجاج کے دوران پتھراؤ و تشدد سے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات دینے کی بھی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے  شہید پولیس کانسٹیبل مبشر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کرنے والے مظاہرین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ پیر کو وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے تشدد سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ 70 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

لاہور میں  عظمٰی بخاری نے بتایا کہ کانسٹیبل مبشر نے کچھ دیر پہلے دم توڑا  جبکہ 5 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔

مزید خبریں :