Time 16 دسمبر ، 2024
پاکستان

کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا، فریقین نے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے: بیرسٹر سیف

کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا، فریقین نے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے: بیرسٹر سیف
کرم میں مستقل امن کیلئے بنکرز کا خاتمہ اور علاقے کو اسلحے سے پاک کرانا لازمی ہے: مشیر اطلاعات پختونخوا۔ فوٹو فائل

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا بلکہ فریقین نے مزید مشاورت کیلئے ایک دن کا وقت مانگا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا ایک دن کا وقفہ بنکرز کے خاتمے، اسلحہ جمع کرنے کے حوالے سے مشاورت کیلئےکیا، کابینہ کے فیصلے کے مطابق اسلحہ جمع کرانا اور بنکرز کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقل امن کیلئے بنکرز کا خاتمہ اور علاقے کو اسلحے سے پاک کرانا لازمی ہے، جرگہ ٹوٹنے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ایسی خبریں پھیلانا امن دشمنوں کی کارستانی ہو سکتی ہے۔

مشیر اطلاعات کے پی کا کہنا تھا امن کو یقینی بنانے کیلئے سوشل میڈیا پر غیر ضروری پروپیگنڈا کرنے سے اجتناب کیا جائے، حکومت کو روڈ کی بندش کے باعث مسائل کا بخوبی ادراک ہے، وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں ضروری ادویات علاقے میں پہنچائی جا رہی ہیں اور زخمیوں کو بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور پہنچایا جا رہا ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کو 2 ہزار میٹرک ٹن گندم پہنچانے کی ہدایت کی ہے، کُرم کا مسئلہ 120 سال پرانا ہے، مستقل خاتمے میں وقت لگ سکتا ہے تاہم وزیراعلیٰ کی کوششوں سے پرانے مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، امید ہے کہ چند دنوں میں مسئلہ ختم ہوکر مستقل امن قائم ہو جائے گا۔

مزید خبریں :