Time 16 دسمبر ، 2024
پاکستان

عمران خان ویسے ہی قیدی ہیں جیسے شکیل آفریدی، مطالبات کے باوجود شکیل امریکاکونہیں دیا: عرفان صدیقی

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان ویسے ہی پاکستان کے قیدی ہیں جیسے اسامہ کی تلاش میں مدد دینے والا شکیل آفریدی ہیں۔

اپنے بیان میں سینیٹرعرفان صدیقی کا کہنا تھاکہ ہمیں نہیں معلوم کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ترجیحات کیا ہوں گی، نہیں معلوم وہ کس حد تک دوسرے ممالک میں مداخلت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک قیدی شکیل آفریدی یہاں موجود ہے جس نے اسامہ بن لادن کی تلاش میں امریکا کی مدد کی تھی، امریکا نے بارہا اس کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا لیکن وہ ہماری تحویل میں ہے،  بانی پی ٹی آئی ویسے ہی پاکستان کے قیدی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ نہیں سمجھتاکہ امریکا سمیت کوئی بیرونی طاقت پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کرے گی، پی ٹی آئی کو جو بھی ریلیف ملے گا عدالتوں کا سامنا کرنے سے ہی ملے گا۔

سینیٹر عرفان صدیقی کا کہناتھاکہ المیہ ہے معاملات کو آئین کےتحت چلانے کے بجائے پروپیگنڈے اور سوشل میڈیا کے زور پراس کو انٹرنیشنل ایشوبناتے ہیں۔

مزید خبریں :