20 دسمبر ، 2024
دفاعی تجزیہ کاروں کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت کو آئی ایس پی آر کی اجازت سے مشروط کرنے کا پیمرا کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ دفاعی تجزیہ کاروں کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت آئی ایس پی آر کی اجازت سے مشروط کرنے کا نوٹیفکیشن اس کیس کے فیصلے تک معطل رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صرف آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ افسران ہی ٹی وی پروگرامز میں شرکت کر سکتے تھے، پیمرا نے ریٹائرڈ افسران کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت کو آئی ایس پی آر کی اجازت سے مشروط کیا تھا۔
17 دسمبر کو پیمرا کی جانب سے وکیل عدالتی سماعت میں پیش نہیں ہوئے اور معاون وکیل نے سینیئر وکیل کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے پر التواء کی استدعا کی۔
عدالت نے آرڈر میں لکھا کہ اب تک کی عدالتی سماعت میں دیے گئے دلائل کی بنیاد پر پیمرا کا نوٹیفکیشن معطل کیا جاتا ہے جو کیس پر فیصلے تک معطل رہے گا۔
کیس کی آئندہ سماعت 11 فروری کو ہو گی۔