Time 23 دسمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بھارتی اداکار الو ارجن کے گھر پر یونیورسٹی طلبا کا دھاوا، 8 طلبا گرفتار

بھارتی اداکار الو ارجن کے گھر پر یونیورسٹی طلبا کا دھاوا، 8 طلبا گرفتار
فوٹو: انڈیا ٹوڈے

بھارت کی تیلگو فلم انڈسٹری کے سپراسٹار الو ارجن کے گھر پرعثمانیہ یونیورسٹی کے طلبا نے حملہ کر دیا۔

حملہ آوروں نے چند روز قبل الو ارجن کی فلم ’پشپا 2‘ کے پریمیئر کے دوران سینڈھیا تھیٹر میں بھگدڑ کے باعث جاں بحق ہونے والی خاتون کے اہل خانہ کیلئے ایک کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ کیا۔

سپر اسٹار کے گھر پر طلبا کے حملے کی اطلاع ملتے ہی حیدرآباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر 8 افراد کو گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آور الو ارجن کے گھر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، انہوں نے گھر کے احاطے میں رکھے گملے توڑ دیے اور ٹماٹر پھینکے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور انصاف ہونا چاہیے کے نعرے لگا رہے تھے۔

پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات خدشا ہے کہ حملے میں عثمانیہ یونیورسٹی کے جوائنٹ ایکشن کمیٹی (OU JAC) کے اراکین ملوث ہو سکتے ہیں۔

واقعے سے کچھ دیر قبل الو ارجن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ وہ جذبات کا اظہار ذمے داری کے ساتھ کریں اور کسی قسم کی بدتمیزی یا گالی گلوچ سے گریز کریں۔

الو ارجن نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ جاں بحق ہونے والی خاتون کے اہل خانہ کو 25 لاکھ روپے کا معاوضہ دیں گے اور زخمیوں کے علاج کے اخراجات بھی خود اٹھائیں گے۔

مزید خبریں :