Time 25 دسمبر ، 2024
پاکستان

صدر زرداری اور نواز شریف کی قیادت میں حکومت معاشی استحکام کی کوشش کر رہی ہے: وزیراعلی سندھ

صدر زرداری اور نواز شریف کی قیادت میں حکومت معاشی استحکام کی کوشش کر رہی ہے: وزیراعلی سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی/ فائل فوٹو

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صدر زرداری اور نواز شریف کی قیادت میں حکومت معاشی استحکام کی کوشش کر رہی ہے۔  

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔ 

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے مگر ہم متحد ہوئے تو ملک کو ترقی یافتہ بناسکتے ہیں، صدر آصف علی زرداری اور نواز شریف کی قیادت میں حکومت معاشی استحکام کی کوشش کر رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور جمہوریت کے شہدا کو یاد رکھنا چاہیے، ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ملک کو میزائل سے لیس کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت غیر قانونی مقیم افراد کو نکالنے کے لیے  پرعزم ہیں، غیر قانونی مقیم افغانوں کو شناخت کرکے نکالا گیا اور اب بھی اس پر کام جاری ہے۔

سپہ سالار ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: گورنر سندھ 

اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہم سب مل کر محنت کر رہے ہیں، کوشش ہے کہ پاکستان کو وہاں لیکر آئیں جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا، ہم اس مشکل دور سے گزر جائیں گے اور ملک ضرور ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دوست ممالک اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں مگر بیرونی طاقتیں پاکستان کو صحیح سمت میں جانے سے روکنے کے لیے تیار کھڑی ہیں، کرم کے واقعات میں بھی بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ سپہ سالار ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اسٹاک ایکسچینج ترقی کی طرف گامزن ہے، شرح سود بھی کم ہو رہی ہے۔ 

مزید خبریں :