02 جنوری ، 2025
اسلام آباد: ڈپٹی وزیراعظم اور وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش ہمارا بچھڑا ہوا بھائی ہے، ان سے ہر طرح کا تعاون کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ تمام سطح پر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہا ہے، غزہ میں نسل کشی ہو رہی ہے جس پر وزیراعظم نے کھل کر اسرائیل کی مذمت کی ہے۔ کشمیر کے معاملے پر ہم ہر فورم پر آواز اٹھاتے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک سال میں سفارتی تنہائی کا تاثر یا جو حقیقت تھی ہوا میں اُڑ چکی ہے، فارن آفس آکر کہا تھا کہ اب اکنامک ڈپلومیسی بھی کریں گے، بنگلا دیش کا دورہ کروں گا، بنگلا دیش ہمارا بچھڑا ہوا بھائی ہے ان سے ہر طرح کا تعاون کریں گے، بنگلا دیش کا دورہ بھی کروں گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ سال 2018 تک ہم نے دہشتگردی سے پاکستان کو کلیر کر دیا تھا، گزشتہ حکومت کی جانب سے ٹی ٹی پی کی واپسی اور مجرموں کی رہائی غلط فیصلہ تھا، دہشتگردی ایک ناسور ہے اور اس میں ٹی ٹی پی ملوث ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایکسپورٹس بھی اچھا ٹرینڈ شو کر رہی ہیں، آئی ٹی میں اضافہ ہو رہا ہے، وزیراعظم نے وفاق میں 200 یونٹ اور پنجاب حکومت نے 500 یونٹ تک کا ریلیف دیا، مستقبل میں قوم کو مزید خوشخبریاں دیں گے۔