Time 02 جنوری ، 2025
پاکستان

ملک کا انٹرنیٹ بالکل بند ہےتو بلین ڈالرزکی ایکسپورٹ کیسے ہو رہی ہے؟ وزیر مملکت آئی ٹی

اسلام آباد: وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نےکہا ہےکہ ملک کا انٹرنیٹ بالکل بند ہے تو بلین ڈالرز کی ایکسپورٹ کیسے ہو رہی ہے؟ ڈس انفارمیشن پھیلائی جارہی ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نےکہا کہ پاکستان سافٹ وئیر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کی جانب سے  انٹرنیٹ بندش پر غلط اعداد و شمار دیےگئے۔

رکن کمیٹی شرمیلا فاروقی نے کہا کہ یا ہم جھوٹ بول رہے ہیں یا حکومت، ہم تو نقصان کا نہیں بتا رہے پاشا نمبرز دے رہا ہے، سکیورٹی کے ایشوز ہیں تو سچ بتا دیں ناں۔

عمر ایوب نےکہا کہ ای سی ایل پر وفاقی حکومت نام ڈالتی ہے، یہاں انٹرنیٹ بند کرنےکا ذمہ دار کون ہے؟ پی ٹی اے اور دیگر لوگوں کا یہاں حلف لیا جائے۔

چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے کہا کہ میں وضو میں ہوں اور  حلف پر بات کروں گا، ہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بلاک کرسکتے ہیں یا کھول سکتے ہیں لیکن سست نہیں کرسکتے۔

چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ  پیکا ایکٹ کے تحت حکومتی ہدایت پر پلیٹ فارم بند کرتے ہیں، ڈیجیٹل ہائی ویز بنائیں گے تو انٹرنیٹ ٹھیک ہوگا۔

انٹرنیٹ میں خلل اور نقصانات کے معاملے پر وزیر داخلہ  اور چیئرمین پاشا کو قائمہ کمیٹی نے طلب کرلیا۔

مزید خبریں :