03 جنوری ، 2025
جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے مدارس رجسٹریشن پر صوبوں میں قانون سازی کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کر دی۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے مدارس رجسٹریشن پر صوبوں میں قانون سازی کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو قانون سازی کے لیے حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے صوبوں میں قانون سازی کے لیے وزرائے اعلیٰ سے رابطہ کروں گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل صدر پاکستان آصف علی زرداری نے مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے سوسائٹی ایکٹ رجسٹریشن بل پر دستخط کیے تھے جس کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے بل کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔
نئے قانون کے مطابق مدارس کو یہ حق حاصل ہو گا کہ مدارس کو سوسائٹیز رجسٹریشن یا وزارت تعلیم کے تحت خود کو رجسٹر کرائیں۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی ایکٹ بل 20 اکتوبر کو سینیٹ اور 21 اکتوبر کو قومی اسمبلی سے منظور ہوا تھا، مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا گیا ہے۔