01 مارچ ، 2013
کراچی …کراچی میں بھتہ خوری کا جن ایک بار پھر بوتل سے باہر آگیا ہے اور چند ہی گھنٹوں کے دوران کریکر کے دوحملے کئے گئے ہیں۔جمعہ کوپہلیگلبائی پر واقع پیڑول پمپ پر جمعہ کو 4 بج کر 55 منٹ پر کریکر حملہ کیا گیا جس سے پیڑول پمپ کا ایک ملازم معمولی زخمی ہو گیا۔ رابطہ کرنے پر ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ نے جیو نیوز کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کریکر حملہ بھتہ نہ دینے پر انتقامی کارروائی لگتی ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج نیو نیوز نے حاصل کر لی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکے سے چند لمحات قبل ایک بس گزری جس کے عقب سے ملزمان نے کریکر پھینکا اور وہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے بعد دھویں کا ایک بادل بھی اس مقام پر دیکھا جاسکتا ہے۔دوسرے واقع میں اولڈ سٹی ایریا میں لی مارکیٹ کے قریب لارنس روڈ پر واقع دکان پر دستی بم حملہ کیا گیا جس سے محمد سکندر، محمد نعیم اور محمد عدنان زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تینوں افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔رابطہ کرنے پر ایس ایس پی سٹی ڈویڑن اقبال دارا نے جیو نیوز کو بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ بھتہ خور ی کی واردات ہے۔ اس سے قبل اتوار کو لسبیلہ کے قریب واقع پیڑول پمپ پر بھی دستی بم حملہ کیا گیا گیا تھا جس سے چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اس واردات کو بھی پولیس نے بھتہ خوری ہی قرار دیا تھا۔ ان تمام وارداتوں اور پولیس کے اعترافات کے بعد بھی ان واقعات کے سد باب کے لیے کوئی کارروائی کی گئی ہے نہ ہی تاجروں کی حفاظت کا بندوبست کیا گیا ہے۔