01 مارچ ، 2013
لاہور…الیکشن کمیشن پنجاب نے میٹرو بس روٹ سمیت پنجاب بھر کی اہم شاہراہوں سے سیاسی جماعتوں کے قائدین کے سائن بورڈز فوری ہٹانے کی ہدایت کر دی۔الیکشن کمشنر پنجاب طارق قادری نے چیف سیکریٹری پنجاب کو ایک مراسلہ بھیجا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کی آمد آمد ہے ضابطہ اخلاق پر ابھی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ بادی النظر میں سیاسی شخصیات کے قدآور سائن بورڈز قومی سرمائے کا ضیاع اور الیکشن مہم کا حصہ لگتے ہیں۔ یہ ضابطہ اخلاق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ اگر ان سائن بورڈز کو نہ ہٹایا گیا تو الیکشن کمیشن کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات کے لئے ضروری ہے کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں سرکاری وسائل سے اشتہارات اور وال چاکنگ بند کی جائے ورنہ کارروائی ہو گی۔