01 مارچ ، 2013
کراچی …کراچی ائیرپورٹ پر صورتحال اس وقت انتہائی خطرناک ہوگئی جب اے ایس ایف کی گاڑی بغیر اجازت اپرن ایریا میں داخل ہوئی اور پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے سے ٹکراتے ٹکراتے بچ گئی۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کنٹرول ٹاور کی اجازت کے بغیراپرن پر آنے والی اے ایس ایف کی گاڑی اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کی کار کو طیارے تک پہنچانے کی جلدی میں پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کے سامنے سے خطرک انداز سے گزری۔ اے ایس ایف کے ڈرائیور کے پاس اپرن ڈرائیونگ پرمٹ بھی نہیں تھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نجی ایرلائن کے ذریعے کراچی پہنچی تھیں،اور اُنہیں لینے کیلئے کار ائیر پورٹ کے اندر گئی تھی۔ کنٹرول ٹاور نے اے ایس ایف گاڑی کااپرن پر آنے کی رپورٹ سی اے اے حکام کو دے دی۔ اے ایس ایف ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ پر وی وی آئی پیز شخصیات کی پروٹوکول ڈیوٹی کرتے ہوئے اہلکار گھبراہٹ کا شکار ہوجاتے ہیں۔