03 مارچ ، 2013
اسلام آباد…بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاوٴن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور اب ان سے وصولی نیب کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بجلی کے چور اور نادہندگان اب خیر منالیں۔ ریاست کے ادارے اور و زارتیں متحرک ہوگئی ہیں۔ 15 مارچ تک 407 ارب روپے وصول کرنے کا کریش پروگرام پیر سے شروع ہوجائے گا۔ ہنگامی بنیادوں پر نجی شعبے کے بجلی چوروں سے دو ہفتوں میں 100 ارب روپے وصول کرنے کا کام نیب کی معاونت سے ہوگا۔ ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ ادارے تادیبی کارروائی میں معاونت کریں گے۔ عدالتوں میں 80 ارب روپے کے مقدمات جلد نمٹائے جائیں گے اور وزارت قانون کی معاونت سے مہنگے اور قابل ترین وکیلوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ وزارت خزانہ کے حکام صوبوں کے بجلی واجبات ایک ہفتے میں ختم کرائیں گے۔ صوبوں کے بجلی کے واجبات 100 ارب روپے سے زیادہ ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور پیپکو کے درمیان بجلی کے 35 ارب روپے کے ٹیکس واجبات کا تنازعہ حل کیا جائے۔ 15 مارچ سے پہلے پہلے 407 ارب روپے کے بجلی کے واجبات ختم کرانے کے لیے آئندہ ہفتے سے یو میہ اجلاس ہوگا۔