28 جنوری ، 2025
وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر اور پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے رکن رانا ثنااللہ نےکہا ہےکہ پی ٹی آئی والے کمیٹی میں آتے تو ہم چارٹر آف ڈیمانڈکا جواب دیتے، سڑک پر مسئلہ حل کرنا ہے تو پھر سڑک پر آجائیں۔
رانا ثنا اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام ' آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ' میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے دس بارہ سال سے ملک کی سیاست کو نقصان پہنچایا، مذاکرات سے بھاگنے والی پی ٹی آئی ہے، پی ٹی آئی والے کمیٹی میں آتے تو ہم چارٹر آف ڈیمانڈ کا جواب دیتے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آر ٹی ایس بٹھا کر لائی گئی تھی، اپنی حکومت میں انہوں نے جوڈیشل کمیشن منع کرکے پارلیمانی کمیشن کا کہا تھا، اس صورتحال میں کوئی بھی جج کمیشن کے قریب نہیں آنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست دان بیٹھتے ہیں تو حل نکلتا ہے، اگریہ سڑکوں پر ہوں گے، قانون ہاتھ میں لیں گے تو قانون بھی راستہ لےگا، سڑک پر مسئلہ حل کرنا ہے تو پھر سڑک پر آجائیں، جمہوری سسٹم میں مسائل میز پر حل ہوتے ہیں، یہ چوتھی بار آنا چاہتے ہیں تو آجائیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ان کا حال یہ ہےکہ کوئی بات سنادیتا ہے تو اس پر ان کے دو دن گزر جاتے ہیں، ان کی سوچ اور انداز احمقانہ ہے، موجودہ اسٹیبشلمنٹ ان کے ساتھ کوئی ڈائیلاگ نہیں کرےگی، آج یہ بھاگے تو کل نہیں تو پرسوں آنا پڑےگا۔